کنداپور27؍جنوری (ایس او نیوز) یہاں سے قریب کوٹا میں سنیچر کی آدھی رات کوہوئے ایک قاتلانہ حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت بھرت پجاری اور یتیش کنچن کے طور پر کی گئی ہے۔یہ لوگ اپنے ایک دوست کی مدد کرنے اُس کے گھر پہنچے تھے جس کے دوران ایک ٹولی نے ان پر حملہ کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
مہلوک بھرت پجاری کے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک آٹو رکشہ ڈرائیور تھا جبکہ یتیش کنچن سیاسی لیڈر راکیش ملّی کے پرسنل اسسٹنٹ کے طور پر کام کیا کرتا تھا۔قاتلانہ حملے میں بھرت کی موت موقع پر ہی ہوگئی جب کہ یتیش نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔اس قتل میں ہریش ریڈی، راج شیکھر ریڈی اور چندرا شیکھر ریڈی کا ہاتھ ہونے کا شبہ جتایا گیا ہے جو کہ آپس میں بھائی ہیں۔ان کے علاوہ چار دیگر افراد کے ملوث ہونے کا بھی شک ہے تمام ملزمین مفروربتائے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس قاتلانہ حملے کا سبب گھر کے بیت الخلاء کی ٹنکی تعمیر کرنے کا تنازعہ تھا۔لوہت پجاری نامی شخص نے مانورعلاقے میں حال ہی میں گھرخریدا تھا۔اس کے پڑوس میں ریڈی بھائیوں کا بھی گھر ہے۔ جب ریڈی بھائیوں نے اپنے بیت الخلاء کی سیپٹک ٹینک تعمیر کرنے کے لئے کھدائی شروع کی تو لوہت نے اس بات پر اعتراض جتاتے ہوئے کہا کہ اس کے گھر کے کنویں سے قریب بیت الخلاء کی ٹینک تعمیر نہ کی جائے۔لیکن ریڈی برادران نے اس کی بات ان سنی کردی تو لوہت نے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور گرام پنچایت کے پاس شکایت کردی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس سے ناراض ہوکر ریڈی برادران نے اس قاتلانہ حملے کا منصوبہ بنایا ۔
بتایا جاتا ہے کہ لوہت پجاری سنیچر کی رات کو جب کسی فنکشن کے بعد گھر واپس لوٹا تو اس نے کوٹا ٹاؤن میں سڑک کے کنارے ایک کار میں کچھ لوگوں کو انتظار کرتے ہوئے دیکھا۔ گھر پہنچ کر اس نے یتیش کنچن اور بھرت پجاری کو فون کرکے اس بات کی اطلاع دی اور اپنی مدد کے لئے بلایا۔ جیسے ہی وہ اپنے دوست کی مدد کے لئے پہنچے تو کار میں انتظار کررہی ٹولی نے ان دونوں پر حملہ کردیا۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ بھرت موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ زخمی یتیش کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر اس کی جان نہیں بچائی جاسکی۔
ہریش اور راج شیکھر ریڈی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ دونوں ہسٹری شیٹرز ہیں اور ان پر کئی معاملات درج ہیں۔ چندرشیکھر ریڈی بھی شراب پی کر لوگوں کو ہراساں کرنے کے کئی معاملات میں ملوث ہے۔
پولیس نے ملزمین کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے جال بچھادیا ہے۔